کوٹ رادھا کشن میں مسیحی میاں بیوی توھین قرآن کے الزام میں زندہ جلادئے گئے
نوٹ : کوٹ رادھا کشن ضلع قصور کے ایک چک میں ایک بھٹے پر زندہ جلائے گئے مسیحی میاں بیوی شہزاد اور شمع پر جس ہجوم نے حملہ کیا وہ اچانک جمع ہونے والے مشتعل لوگوں کی بجائے ایک منظم سوچا سمجھا حملہ لکتا ہے اور یہ منظم دھشت گردی کی واردات ہے کیونکہ کوٹ رادھا کشن پولیس نے اس واقعہ میں حملے کا پرچہ جن لوگوں پر درج کیا ان میں جمعیت اہل حدیث کے سربراہ ابتسام الہی ظہیر کی تنظیم کے لوگ بھی نامزد کئے ہیں اور ابتسام الہی ظہیر سعودی عرب کی شہ پر پاکستان میں شیعہ اور سنّی بریلوی کے خلاف 85ء میں انتہائی نفرت انگیز مہم چلانے والوں میں شامل تھے اور انھوں نے ” الشعیہ ” اور البریلویہ ” کے نام سے دو کتابیں عربی میں لکھیں جس کو تراجم کے ساتھ سعودی عرب کی وزرات حج نے چھاپ کر لاکھوں کی تعداد میں شایع کیا تھا اور وہ سعودی عرب کے انتہائی فرقہ پرست شیخ عبدالعزیز بن باز کے شاگرد تھے ، جبکہ ایک اور نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاؤں میں بھٹہ پر بلوائی حملہ کرنے والوں میں لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دھشت گرد بھی شامل تھے اور ابتدائی طور پر یہ جمعیت اہل حدیث ابتسام گروپ اور دیوبندی تنظیم لشکر جھنگوی کا مشترکہ کارنامہ لگتا ہے اور ان دونوں تنظیموں کے پنجاب حکومت کے سابق وزیر قانون اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زمہ دار رانا ثناء اللہ کے ساتھ انتہائی گہرے تعلقات بتلائے جاتے ہیں جوکہ آج کل کہا جارہا ہے ڈیفیکٹو وزیر قانون اور چیف منسٹر ہیں
مذھبی فاشزم کا اژدھا مسیحی میاں بیوی کو نگل گیا
عامر حسینی
ایک تو غربت کا عذاب کسی سے سزا سے کم نہیں ہوتا اور اس پر اگر آپ ایک نام نہاد نظریاتی ریاست میں رہتے ہو ، جہاں ریاست اور اس کے حاکم طبقات مذھب اور مسلک کے فرق پر آپ کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو ویسے ہی ناممکن بناڈالتے ہوں اور پھر وہ سماج زات ، پات ، فرقہ پرستی کی آگ میں بری طرح جھلس رہا ہو تو اس سماج میں زندگی ایک غنمیت ہی بن جاتی ہے اور کسی وقت بھی آپ سماج میں جنونیوں کا نشانہ بن سکتے ہیں
کوٹ رادھا کشن جن کا نام پاک و ہند کی ان دو عظیم پریم اور شانتی بانٹنے والی ہستیوں پر رکھا گیا ہے ، جہاں ہمیں ایک دلخراش خبر ملی ہے کہ اس کے نواحی گاؤں میں ایک بھٹہ پر کام کرنے والے میاں بیوی کو قرآن کے اوراق کی بے حرمتی کا الزام لگاکر زندہ جلادیا
مرنے والے جوان میاں ،بیوی تھے ، شہزاد کی عمر 26سال تھی اور شمع کی عمر 24 سال تھی اور ان کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش متوقع تھی ، گویا شمع کے ساتھ ایک اور معصوم جان جس نے ابھی اس دنیا میں آنا تھا بھی اس مذھبی جنونیت سے اٹھنے والے شعلوں کی نذر ہوگئی
اسے بلوائی دھشت گردی کہا جارہا ہے اور اس بلوائی دھشت گردی کا نشانہ زیادہ تر اس ملک کی مذھبی اقلیتیں بن رہی ہیں جوکہ اپنے سیلف ڈیفنس کرنے کے بھی قابل نہیں ہیں اور ان کے لیے بس یہ کافی ہے کہ ان پر توھین مذھب / بلاسفیمی کا الزام لگایا جائے اور اس کے بعد ان پر ہلّہ بولہ جائے اور لوٹ ، مار ، آتش زدنی اور مدعا علیہ کو وحشیانہ طریقہ سے مار دیا جائے
یہ پہلی مرتبہ تو نہیں ہوا کہ کرسچن کمیونٹی کے کسی مرد اور ،ورت پر توھین قرآن کا الزام لگا ہو اور پھر ان کو بلوائی دھشت گردی کا سامنا کرنا پڑا ہو
مجھے آج بھی وہ رات یاد ہے کہ جب رمضان کا 26 واں روزہ ابھی افطار ہوا تھا اور خانیوال کے چوک غفی والا ميں ایک جامع مسجد کے سامنے مشتعل ہجوم اکٹھا ہونا شروع ہوگيا ، مساجد سے انتہائی مشتعل اعلانات شروع ہوگئے تھے اور نوجوانوں کی ٹولیاں اکٹھی ہونی شروع ہوگئیں تھیں
میں جو اپنے چند دوستوں کے ساتھ لاہور جانے کے لیے نکلا تھا اور ہم چوک غفی والا پہنچے تو کئی شناسا ، جانے پہجانے مولوی اور مذھبی تنظیموں کے عہدے دار تھے جو چوک میں ایک پھٹے کے اوپر چڑھ کر انتہائی جذباتی تقریریں کررہے تھے اور وہ امت مسلمہ کے تمام دکھوں ، مصبیتوں ، عذاب اور مشکلات کا زمہ دار خانیوال کی کرسچن کمیونٹی کو ٹھہرارہے تھے ، گلے کی رگیں پھولی ہوئیں تھیں ، آنکھیں شعلے اگل رہی تھیں ، اور منہ سے جھاگ نکل رہے تھے
نیچے ان کے سامنے کھڑے کئی ایک نوجوان فضاء مین پستول ، سیون ایم ایم ، کلاشنکوف اور چھرے ، ڈنڈے لہرارہے تھے ، ایسے میں ، میں نے چند ایسے نوجوان بھی دیکھے جو اس وقت کے مقبول جہادی لباس میں ملبوس تھے اور وہ وقفے وقفے سے ایک ہی نعرہ لگارہے تھے
یہود و نصاری کا ایک علاج – الجہاد ، الجہاد
یہ نوجوان اس وقت کی لشکر طیبہ اور آج کی جماعۃ دعوہ کے ارکان تھے اور ان کے ساتھ ساتھ میں نے ایک اور ٹولی کو دیکھا جو کہ غلہ منڈی خانیوال کی دیوبندی مسجد و مدرسہ کے طالب علموں پر مشتمل تھی اور انھوں نے سپاہ صحابہ پاکستان کا جھنڈا اٹھا رکھا تھا اور ان کا لیڈر کہہ رہا تھا کہ آج ہم ان “چوہڑوں ” کو چھٹی کا دودھ یاد دلادیں گے اور ایک طرف بریلوی تنظیم سنّی تحریک کے نوجوان تھے اور یہ سب اس بات پر متفق نظر آتے تھے کہ اسلام کی عزت اور حرمت کو خطرہ ہے تو خانیوال کے گردونواح میں بسنے والی مسیحی برادری سے ہے
ادھر غفی والا چوک سے بس کجھ دور سول لائن اور اندرون شہر کے درمیان بفر زون کے طور پر موجود ” کرسچن بستی ” کے مکین گھروں سے ضروری سامان سمیٹ رہے تھے اور اپنے گھروں کو چھوڑ کر فرار ہورہے تھے ، کانپ رہے تھے ، اور ان میں کئی ایک گھرانے ہمیں اسٹیشن پر ملے جہاں لاہور جانے کے لیے موسی پاک ایکسپریس ملتان سے آنے والی تھی ، جبکہ راستے ميں بس اسٹینڈ پر بھی میں نے افراتفری میں کئی عیسائی خاندانوں کو لاہور جانے والی بسوں ميں سوار ہوتے دیکھا تھا
میں نے یہ منظر دیکھا تو مجھے اپنے دادا ، دادی ، نانا ،نانی اور کئی ایک گھر کے بزرگوں سے 14 اگست 1947ء کو مشرقی پنجاب اںڈیا اور اتر پردیش کے شہروں اور گاؤں ، دھلی ، ممبئی مہاراشٹر کے اندر تقسیم ہند کے وقت شروع ہونے والے فسادات کے دوران مسلم اقلیت پر ٹوٹ پڑنے والی قیامت اور ادھر مغربی پنجاب ، سندھ ، خیبر پختون خوا کے اندر ہندؤں اور سکھوں پر ٹوٹ پڑنے والی قیامت کے واقعات اور قصّے یاد آئے اور چونکہ شہر کے اس چوک میں جمع ہونے والوں کی 99 فیصد تعداد مشرقی پنجاب میں بربریت کا شکار ہونے والوں کی اولاد تھی تو میں یہ سوچنے پر مجبور ہوگیا تھا کہ اگر ہماری ریاست ، تعلیمی اداروں ، ميڈیا اور مساجد و مدارس کی اسٹبلشمنٹ نے اس انسانیت سوزی کو فرقہ وارانہ تشریح کی بجائے انسانیت کے نکتہ نظر سے دیکھنے اور جاننے کی تعلیم دی ہوتی اور رواداری پر مبنی ڈسکورس کو تشکیل دیا ہوتا تو شاید ویسا منظر ہمیں پھر نہ دیکھنا پڑتا
میں دوستوں کے ساتھ لاہور آگیا اور اگلے دن ہمیں پتہ چلاکہ شانتی نگر کو اردگرد کے دیہاتوں اور شہر سے آنے والے ایک بہت بڑے جلوس نے جلاکر خاکستر کردیا ، گھر اور دکانیں لوٹ لی گئیں جبکہ شہر میں بھی کرسچن بستی ، خرم پورہ پر دھاوا بولا گیا جبکہ میاں چنوں تحصیل خانیوال جہاں خالص کرسچن چکوک بھی ہیں پر بھی حملے کئے گئے اور بلوائی راج قائم رہا ، فوج بلوائی گئی تب کہيں جاکر معاملات کنٹرول میں آئے
میں نے اس تباہی اور بربادی کے آثار اپنی آنکھوں سے دیکھے اور اس کے بعد یہ بھی دیکھا کہ جن مذھبی پیشواؤں اور مذھبی تنظیموں کے عہدے داروں کے اس رات گلے کی پھولی رگیں ، آنکھوں سے اگلتے شعلے اور منہ سے جھاگ نکلتے میں نے دیکھا تھا وہی امن سیمیناروں ، انٹرفیتھ ہارمنی کی ورکشاپس اور امن کمیٹیوں کے اجلاسوں میں ” امن اور اسلام کی درخشندہ روایات ” کے حوالے دے رہے تھے اور ان سے بڑا امن پسند جیسے کوئی تھا بھی نہیں ، جن کو احتساب کے کہٹرے میں کھڑا ہونا چاہئیے تھا وہ امن و آشتی کے پیامبر بنے بیٹھے
اس واقعے کا ایک اور پہلو بھی ہے اور وہ یہ ہے کہ شانتی نگر جب جل کر بھسم ہوگیا اور اس کی تعمیر نو کی بات چلی اور اس حوالے سے حکومت اور غیرملکی ڈونر ایجنسیز نے اس کی تعمیر نو اور برباد خاندانوں کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کئے تو صدیوں سے افتاد گان خاک میں شمار ہونے والے ان کرسچن گھرانوں کی امارت اور دولت کے جھوٹے افسانے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئے اور ان افسانوں ميں پھر ان آبادیوں کو شیطان بنانے اور ان کو مغرب کے یہود و نصاری کے ایجنٹ ثابت کرنے اور ان کی پاکستان سے وابستگی کو مشکوک بنانے کے لیے کئی جھوٹی کہانیاں گھڑ لی گئیں
مین نے بہت کم لوگ ایسے دیکھے جن کے ضمیر نے ان کو ملامت کی اور وہ اس حوالے سے شرمندگی کے مرحلے سے گزرے ہوں اور شہر کے اجتماعی ضمیر نے یہ محسوس کیا ہو کہ اگر اس روز ہم نے ہوش سے انسانیت کا دامن تھاما ہوتا تو ایسا نہ ہوتا لیکن افسوس کہ اس واقعے کے بعد ہمارا اجتماعی ضمیر پھر کہيں دفن ہوگیا اور ہم نے یہ بھی دیکھا کہ پھر گوجرہ اسی عمل سے گزرا جس سے کبھی خانیوال گزرا تھا اور خآنیوال میں تو کوئی انسانی جان نہیں گئی تھی لیکن گوجرہ میں تو اس مرتبہ کئی ایک عیسائی زندہ جلادئے گئے اور پھر جوزف کالونی والا واقعہ سامنے آیا ، رمشا ء مسیح ، آسیہ مسیح تو پھر خوش قسمت ہیں زندہ ہیں ، رمشاء تو ملک سے باہر چلی گئی اور آسیہ مسیح کو ابھی سپریم کورٹ سے امید ہے لیکن شہزاد اور شمع کو اتنا موقعہ نہیں مل سکا اور وہ مذھبی جنونیت کا نشانہ بن گئے
آسیہ مسیح کو انصاف دلوانے اور اس سے ہوئی زیادتی کا ازالہ کرنے کی کوشش اس وقت کے ایک گورنر سلمان تاثیر نے کی تھی جوکہ ایک بہت امیر اور طاقتور خاندان سے تعلق رکھتا تھا اور اس نے اس معاملے پر جب اس ملک میں مذھبی جنونیت کے ٹھیکے داروں کو چیلنج کرنے کی کوشش کی اور خم ٹھونک کر میدان میں آیا تو اس کو بیچ سڑک میں اس کے ہی محافظ نے شہید کردیا اور ایک اور وفاقی منسٹر جو بلاسفیمی ایکٹ کے اندر پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے اور اسے بہتر بنانے والی ایک کمیٹی کا چئیرمین بنایا گیا تھا اسے بھی اس کے گھر کے سامنے قتل کردیا گيا اور ایک اور وکیل راشد الرحمان ایک بلاسفیمی کے الزام میں قید لیکچرار جنید کی وکالت کے جرم میں قتل کردیا گیا اور اس طرح سے مذھبی جنونیت اور بربریت کے خلاف ہر ممکنہ مزاحمت کو خاموش کرنے کی کوشش کی گئی اور کچھ ایسا سماں پیدا کیا گیا کہ ظلم و بربریت کا شکار کوئی بھی کمیونٹی بس خود ہی تنہا میدان میں ہو اور پورے سماج میں خاموشی چھا جائے
پنجاب حکومت کے چیف منسٹر شہباز شریف نے اس واقعہ پر حسب سابق ایک انکوائری بٹھائی ہے اور انگریزی روزنامہ ڈان نے اپنے اداریہ ، رؤف کلاسرا ، قاضی سعید سمیت بہت سے لوگوں نے بجا طور پر ٹھیک ہی لکھا ہے کہ اس کا کوئی نتیجہ تو نکلے گا نہیں ، کیونکہ ماضی میں گوجرہ کے سانحہ کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں زمہ داری جن لوگوں پر عائد کی گئی ، ان کو کوئی سزا نہیں ملی ، نااہلی اور غفلت جن پولیس افسران کی ثابت ہوئی ان کو پولیس سروس سے فارغ کرنے کی بجائے ترقی کردی گئی اور جو سچ پاکستان کا میڈیا بتانے سے ڈرتا ہے میں اسے بھی یہاں لکھ دوں کہ پنجاب حکومت اور اس کے چیق منسٹر شہباز شریف بلوائی حملوں کی شکل میں دھشت گردی پھیلانے والے اصل چہروں کو بے نقاب کرنے اور ان کو انصاف کے کہٹرے تک لانے کی ہمت اس لیے نہیں کرتے کہ وہ تو خود ان میں سے کئی چہروں کو اپنے اتحادی بناکر بیٹھے ہیں اور ان کے سابق وزیر قانون جو اب بھی ڈی فیکٹو چیف منسٹر ہیں اور رانا مشہود جیسے ڈمی کے پیچھے وہی بیٹھے ہیں ان میں سے کئی ایک دھشت گردوں کے سپانسرز اور ماسٹر مائینڈ کے مربی اور آقا ہیں
ویسے کوٹ رادھا کشن وہ علاقہ ہے جہاں بلھے شاہ کے مرشد شاہ عنایت قادری کا مزار ہے اور مجھے یقین ہے کہ آج شاہ عنائت قادری کی روح بہ زیادہ تکلیف میں ہوگی اور ادھر رادھا اور کشن بھی انتہائی تکلیف کا شکار ہوں گی ، ویسے ان باتوں سے مذھبی جنونیوں کو کیا لینا دینا ، ان کا بس چلے تو وہ شاہ عنایت قادری کےمزار کو ڈائنا مائیٹ سے اڑا ڈالیں اور کوٹ رادھا کشن کا نام بدل ڈالیں
نوٹ : ابتسام الہی ظہیر دیوبندی نہیں بلکہ اہل حدیث المعروف وہابی ہے اور یہ وہابی مولوی احسان الہی ظہیر کا بیٹا ہے اور جمعیت اہل حدیث کے ایک دھڑے کا صدر ہے
Comments
Tags: Blasphemy & Blasphemy Laws, Christians, Minorities, Religious extremism & fundamentalism & radicalism, Sectarianism, Shahbaz Sharif, Sipah-e-Sahaba Pakistan (SSP) & Lashkar-e-Jhangvi (LeJ) & Ahle Sunnat Wal Jamaat (ASWJ)
Latest Comments
کوٹ رادھا کشن (تحقیقاتی رپورٹ: احسان شوکت سے) کوٹ رادھا کشن کے نواحی گائوں میں مسیحی جوڑے کو مبینہ طور پر مذہبی اوراق کی بے حرمتی کے الزام میں مشتعل ہجوم کی جانب سے تشدد کانشانہ بنانے کے بعد بھٹے میں ڈالنے کے واقعہ میںقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نااہلی اور ناکامی کے علاوہ بعض انسانیت سوز پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔ نوائے وقت کی تحقیقات کے مطابق چک نمبر 59 کے نزدیکی علاقہ کلارکہ آباد کے رہائشی ناظر مسیح کے 6 میں سے 3 بیٹے اپنے اہل خانہ کے ساتھ یوسف گجر کے اینٹوں کے بھٹے پر گزشتہ 18 سال سے کام کرتے اور وہیں ملحقہ کچے مکانوں میں رہائش پذیر تھے۔ منگل کو ناظر مسیح کا انتقال ہوگیا۔ دو روز قبل پیر کی دوپہر ناظر کے بیٹے تین بچوں کے باپ 27 سالہ شہزاد مسیح اور 24 سالہ شمع نے اسکے کمرے کی صفائی کی۔ کمرے سے نکلنے والے کاغذات اور دیگر سامان پرانے کپڑے گھر سے باہر لاکر نکڑ پر واقع ’’روڑی‘‘ گندگی کے ڈھیر پر لاکر نذر آتش کردیئے۔ ناظر تعویذ دھاگے وغیرہ کا بھی کام کیا کرتا تھا۔ مبینہ طور پر نذر آتش کئے جانیوالے ان کاغذات میں مقدس کاغذات بھی شامل تھے جس پر بھٹہ منشی افضل، مالک یوسف گجر کا بھتیجا شکیل (جو وہیں کام کرتا تھا) اس نے اور ایک ملازم رمضان نے شہزاد مسیح اور اسکی بیوی کو گالی گلوچ کیا اور یوسف گجر کو شکایت کی۔ اس دوران منشی افضل اور شکیل وغیرہ نے مقامی لوگوں کو بھی انکے خلاف اکسایا جس کے بعد یوسف گجر نے دونوں میاں بیوی کو زبردستی گھر سے اٹھایا۔ انہیں کہا کہ وہ ایڈوانس میں لیا گیا 5 لاکھ روپے واپس کریں اوریہاں سے فرار ہوجائیں۔ شہزاد وغیرہ نے یوسف گجر سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے لے رکھے تھے باقی پیسے اسکے دوسرے بھائیوں نے لئے تھے۔ شہزاد نے کہا کہ فی الوقت وہ رقم ادا نہیں کرسکتا جس پر یوسف نے دونوں میاں بیوی کوبھٹے کے ساتھ واقع ایک کمرے میں قید کردیا اور کہا رقم نہ دینے تک وہ یہاں بند رہیں گے۔ منگل کی صبح سویرے یہ خبر علاقے میں پھیل گئی کہ دونوں میاں بیوی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی جس کے بعد مقامی 5 گائوں چک 60، بھیل، روسہ بھیل، نواں پنڈ اور ہٹریاں کی مساجد میں اعلانات کرکے لوگوں کو اشتعال دلایا گیا۔ اس کے بعد 15 سو سے 18 سو تک مشتعل لوگ بھٹہ پر آگئے۔ انہوں نے بھٹہ مالک کو دونوں میاں بیوی حوالے کرنے کیلئے کہا مگر مالک نے انہیں دینے سے انکار کردیا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے 15 پر کال کرکے پولیس بھی بلالی مگر وہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ مشتعل ہجوم لکڑی کے بالوں اور سرکنڈوں سے بنی کمرے کی چھت پھاڑ کر اندرداخل ہوا، باہر سے دروازہ بھی توڑا۔ دونوں میاں بیوی کو باہر نکالا جس کے بعد مشتعل ہجوم نے شہزاد اور شمع کو خوب تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہیں ڈنڈوں، اینٹوں، مکوں اور ٹھڈوں سے نشانہ بنایا۔ انکے دونوں ہاتھ رسیوں سے باندھ کر ٹریکٹر کے پیچھے باندھ دیا۔ اسی دوران انکے بچے 6 سالہ بیٹا سلمان، 4 سالہ بیٹی سونیا اور ڈیڑھ سالہ بیٹی پونم بلک بلک کر روتے رہے۔ شیرخوار بچی پونم رات سے ہی ماں کا دودھ نہ ملنے پر بلک بلک کر رو رہی تھی، سلمان اور سونیا ماما پاپا پکار رہے تھے۔ اس دوران شہزاد کے دوبھائی شہباز اور سلیم لوگوں کے خوف سے اپنے اہل خانہ سمیت فرار ہوگئے تھے جبکہ بے چارہ اقبال ایک کمرے میں چھپ گیا۔ اس دوران 6 پولیس اہلکار موقع پر پہنچے جنہیں ہجوم نے دھکے دیئے اور مزاحمت کی جس پر پولیس اہلکار بھی خاموش تماشائی بن گئے۔ مشتعل ہجوم نے میاں بیوی کے کپڑے پھاڑ کر انہیں برہنہ کیا۔ ٹریکٹر کے پیچھے باندھ کر انہیں گھسیٹتے ہوئے دوچکر لگوائے۔ تشدد سے شہزاد نیم مردہ حالت میں تھا جبکہ اسکی بیوی شمع شدید زخمی تھی۔ ہجوم نے پہلے شہزاد کو جب اسکے سانس باقی تھے اینٹیں پکانے والے بھٹے کے اوپر سے اینٹیں اٹھا کر دہکتی آگ پر پھینکا۔ ہجوم نے اس پر رضائی ڈال دی اور اس پر اینٹیں اٹھاکر لانے والی لوہے کی ریڑھی پھینک دی جس سے شہزاد دب گیا اور جھلس کر کوئلہ بن گیا۔ اسکی بیوی چار ماہ کی حاملہ شمع شدید زخمی حالت میں کراہتی رہی۔ ہجوم نے اس عورت کو بھی نہ بخشا اور اسے بھی اس وقت شوہر کے ساتھ بھٹی میں لٹا دیا جبکہ اسکے بھی ابھی سانس باقی تھے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچی مگر اس وقت تک لوگ گھروں کو واپس جاچکے تھے۔