Raymond Davis release: “All is well” when it comes to Saudi Arabia

’رہائی میں سعودی عرب نے کردار ادا کیا‘

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دو پاکستانیوں کو ہلاک کرنے والے سی آئی اے کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پر پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے ترجمان صدیق الفاروق نے انکشاف کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں سعودی عرب نے کردار ادا کیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار اعجاز مہر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مقتولین کے لواحقین کو عمرہ کروایا گیا اور سعودی عرب میں انہوں نے خون بہا لے کر ریمنڈ ڈیوس کو معاف کر دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ رقم کے بارے میں انہیں معلوم نہیں کہ کتنی رقم لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سعودی عرب سے دوستی ہے اور انہوں نے کردار ادا کیا ہے۔’جب مقتولین کے ورثاء نے رقم لے کر ریمنڈ ڈیوس کو معاف کر دیا تو اس کے بعد پنجاب حکومت انہیں مزید قید نہیں رکھ سکتی۔ پنجاب حکومت کے بارے میں شک و شبہہ کرنا مناسب نہیں۔‘

امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پر رد عمل کے لیے مرکز میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم سے رابطہ کیا لیکن ان کے سرکردہ رہنما دستیاب نہیں ہو سکے۔

لیکن حزب مخالف کی ایک جماعت مسلم لیگ قاف کے ایک رہنماء میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ جب مقتولین کے ورثا معاف کردیں تو کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔ ’ضیاءالحق نے جب اسلامی قانون منظور کیا کہ قصاص و دیت کے بعد ورثاء معاف کر سکتے ہیں تو ایسے میں ریاست بھی کچھ نہیں کر سکتی۔‘

جمعیت علماء اسلام فضل الرحمٰن کے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ شرعی اعتبار سے تو ورثا کی معافی کے بعد معاملہ ختم ہوجاتا ہے۔ لیکن یہ ایسا معاملہ تھا جو ورثاء پر نہیں چھوڑا جا سکتا تھا اور حکومت قوم کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرتی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح عجلت میں یہ فیصلہ ہوا ہے اس سے انہیں لگتا ہے کہ دال میں کالا ہے۔ لیکن ان کے بقول وہ پوری معلومات حاصل کرنے کے بعد اپنا رد عمل ظاہر کریں گے۔

ایک اور مذہبی پارٹی جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین نے پہلے خون بہا لینے سے انکار کیا تھا تو اب اچانک انہوں نے کیسے معاف کردیا۔ ان کے بقول اس میں پنجاب حکومت کا ہاتھ لگتا ہے۔

ستائیس جنوری کو لاہور میں ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بڑا احتجاج کیا کہ ریمنڈ ڈیوس نے پاکستان کی سالمیت اور قومی غیرت کو چیلینج کیا ہے لہٰذا انہیں سزا دی جائے۔ لیکن اب ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بعد ان کے رد عمل سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سب ایک ہی سکرپٹ پڑھ رہے ہیں۔

بشکریہ : بی بی سی

Comments

comments