صفورا کے حملہ آوروں اور صبین محمود کے قاتلوں کو سزائے موت
پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے شدت پسندی کے تین واقعات میں ملوث پانچ مجرموں کو فوجی عدالتوں کی طرف سے دی جانے والی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔
یہ مجرمان کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کے علاوہ سماجی کارکن صبین محمود کے قتل اور بوہری برادری کی مسجد کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ملوث تھے۔
نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق جن پانچ مجرموں کو فوجی عدالتوں کی طرف سے موت کی سزا سنائی گئی ہے اُن میں طاہر حسین منہاس، اسد الرحمٰن، سعد عزیز، حافظ ناصر اور محمد اظہر عشرت شامل ہیں۔
یہ تینوں مقدمات حکومت سندھ کی کی طرف سے فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے تھے اور جرم ثابت ہونے پر اُن مجرمان کو موت کی سزا سنائی گئی ہے۔
سزائے موت پانے والے مجرم طاہر حسین کے خلاف نو جبکہ اسد الرحمٰن کے خلاف پانچ اور حافظ ناصر کے خلاف چار مقدمات درج ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے ان مجرموں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے اور وہ اس تنظیم کے ایجنڈے کو آگے لے جانے کے لیے بہت متحرک تھے۔
واضح رہے کہ فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے متعدد مجرموں نے ان فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جس کی بنا پر عدالت عظمیٰ نے اُن کی پھانسی پر عملدرآمد روک رکھا ہے۔
یاد رہے کہ 20 مارچ 2015 کو آرام باغ کے علاقے میں بوہری برادری کی صالح مسجد کے قریب بم دھماکہ ہوا تھا، جس میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے، اسماعیلی بس پر حملے کے ملزمان نے بعد میں اس دھماکے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا تھا۔
24 اپریل کو موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے معروف سماجی کارکن اور سیکنڈ فلور کی ڈائریکٹر صبین محمود کو ڈیفنس کے علاقے میں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جبکہ اُن کی والدہ شدید زخمی ہوئیں۔ سبین بلوچستان سے لاپتہ افراد کے بارے میں ایک مباحثے کے بعد گھر جارہی تھیں کہ یہ حملہ ہوا۔ چند ماہ بعد سبین کے ڈرائیور کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔
13 مئی کو صفورا چورنگی کے قریب شدت پسندوں نے اسماعیلی برادری کی بس میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔جائے وقوع سے پولیس کو ’دولت اسلامیہ‘ کے پمفلٹ ملے تھے۔
Source:
http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2016/05/160512_army_chief_confirms_death_sentences_rh