کیا شیخ نمر کا سعودی حکام کے ہاتھوں عدالتی قتل سعودیہ ایران کشمکش کا نتیجہ ہے یا آیا آل سعود سنی مسلمانوں کے نمائندہ ہیں ؟ – خرم زکی
نوٹ: یہ آرٹیکل سعودی عرب کی قید سے حال ہی میں رہا ہو کر آنے والے ایک دفاعی مبصر کے حالیہ انٹرویو، جو شیخ نمر کی شہادت کے بعد ایک ٹی وی چینل کو دیا گیا، کے پس منظر میں لکھا گیا ہے
سعودی جیل میں کچھ عرصہ قید رہنے کے بعد کوئی چھوٹ کر واپس آنے میں کامیاب ہو جائے (اور وہ بھی شاہی خاندان اور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کے سبب) تو پھر اس سے مکمل سچ بولنے کی امید نہیں رکھنی چاہیئے، آج واضح ہو گیا۔ لیکن میں عرض کر دوں، دو کشتیوں میں پاؤں رکھنا اور جن لوگوں نے آپ کا آپ کے مشکل وقت میں ساتھ دیا ان کو مایوس کرنا صرف آپ کی اپنی کریڈیبلٹی کے لیئے نقصاندہ ہو گا۔ جس فالس بائنری (مصنوعی جھوٹی ثنویت و تقابل) کی آپ ماضی میں مخالفت کرتے رہے، آج آپ اسی کی حمایت کرتے نظر آئے۔ اگر یہ شیعہ سنی جنگ ہے تو کیوں کر وہ گروہ جو خود آپ کے بقول سعودی عرب کے حمایت یافتہ اور پروردہ ہیں، وہ کیوں کر پاکستانی ریاست پر حملہ آور ہیں، وہ کیوں افواج پاکستان پر حملے کر رہے ہیں، کیا پاکستان ایک شیعہ ریاست ہے جو سعودی ایجینٹ پاکستان پر حملہ آور ہیں ؟ اور سعودی عرب کو کب سے سنیوں کی نمائندگی حاصل ہو گئی ؟ اور یہ صدام حسین جو بعث پارٹی کا رہنما تھا وہ کہاں سے سنیوں کا نمائندہ ہو گیا ؟ بعث پارٹی کب سے سنیوں کی علمبردار ہو گئی ؟ اگر نہیں تو پھر ایران عرق جنگ شیعہ سنی جنگ کیسے ہو گئی ؟ پاکستان میں جن اسی ہزار کو قتل کیا گیا اس میں سے کتنے لوگوں کو شیعہ مسلح گروہوں نے قتل کیا ہے ذرا بتا دیں ؟ اور تکفیری دیوبندی دہشتگرد گروہوں نے کس کس گروہ کی نسل کشی اور قتل عام کیا ہے وہ بھی عرض کر دیں۔ اگر یہ موازنہ آٹے میں نمک جتنا ہے تو پھر یہ تقابل کیوں اور اس کی کیا علمی حیثیت ہے ؟ یمن میں جو حوثی و شافعی سعودیہ اور اس کے اتحادیوں کی بمباری سے مر رہے ہیں وہ کون سے شیعہ ہیں جو اس جنگ کو فرقہ وارانہ کہا جائے ؟ کیا ایران اور شام حماس و اسلامی جہاد کی حمایت کرنے کے جرم کی پاداش میں داعش کا سامنا نہیں کر رہے ؟ کیا شیخ احمد یاسین شہید اور عبدالعزیز رنتیسی شہید بھی شیعہ تھے اور اسرائیل سنی ریاست جو ایران شیخ یاسین و عبد العزیز رنتیسی کی مدد کرتا رہا ؟ اگر نہیں اور شیخ یاسین و عبد العزیز رنتیسی دونوں سنی تھے تو پھر ایران ان کی مدد کیوں کرتا رہا اگر ایران مشرق وسطی میں کوئی فرقہ وارانہ جنگ لڑ رہا ہے ؟ پھر کیا وجہ ہے کہ اخوان المسلمون اور حماس (جو سنی جماعتیں ہیں) ان کو ایران نے نہیں بلکہ سعودی عرب اور مصر نے دہشتگرد قرار دیا ہے ؟ پھر کیا وجہ ہے کہ اخوان المسلمون کی مصر میں حکومت کا تختہ الٹنے میں مدد ایران نے نہیں بلکہ سعودی عرب نے کی ہے ؟ کیا وجہ ہے کہ اسرائیل فلسطین جنگ میں ایران تو فلسطینیوں (جن کی اکثریت سنی ہے) کی مدد کرتا رہا اور متحدہ عرب امارات اسرائیل کی مدد کرتا رہا، اسرائیل کے لیئے فلسطینیوں کے خلاف جاسوسی کرتا رہا ؟ کیا سعودی عرب کی پشت پناہی سے بننے اور چلنے والی تنظیمیں بشمول داعش، اہل سنت والجماعت و لشکر جھنگوی وغیرہ خود اہل سنت عوام کے گلے نہیں کاٹتی رہیں ؟ پھر یہ شیعہ سنی جنگ کیسے ؟ کیا شیعہ مسلح گروہ کے ہاتھوں مرنے والے ان کالعدم دہشتگرد گروہوں کے سرغنہ سنیوں کے نمائندے تھے جو اس کو شیعہ سنی جنگ قرار دیں ؟ اگر ایسا ہی ہے تو پھر پاکستان کی مسلح افواج جب انہی دہشتگرد گروہوں پر حملہ آور ہیں تو کیا آپ اس کو بھی شیعہ سنی جنگ قرار دے دیں گے ؟ کیا انہی تکفیری دیوبندی دہشتگرد گروہوں نے اس ملک کے اسی ہزار سنی شیعہ مسلمانوں کو قتل نہیں کیا ؟ پھر یہ شیعہ سنی جنگ کیسے ؟