کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور رینجرز کا دہرا معیار – از خرم زکی
میں کراچی میں جس دہرے معیار کی بات کرتا ہوں اس کا ایک اور ثبوت پیش کرتا چلوں۔ یہ شہر کراچی میں جماعت اسلامی کی بغل بچہ تنظیم پاسبان کی جانب سے رینجرز اور فوج کے خلاف کیئے گئے ایک مظاہرے کی فوٹیج ہے۔ آپ غور سے سنیں یہ کیا کہ رہے ہیں اور کیا کر رہے ہیں پھر مجھے بتائیں کہ اگر جماعت اسلامی اور پاسبان کا کوئی ہمدرد رینجرز کے ہاتھوں مارا جائے اس پر تو جماعت اسلامی اور ان مولویوں کو رینجرز فوج کے خلاف ہر طرح کی نعرے بازی کی اجازت ہو، نہ کوئی سراج الحق کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کی بات کرے، نہ کوئی الطاف شکور کے خلاف غداری کے مقدمے درج کروائے، لیکن اگر یہی کام ایم کیو ایم کر دے تو کراچی سے گلگت تک شور مچایا جائے، یہ کس عصبیت کا نتیجہ ہے ؟ کیوں ڈی جی رینجرز صاحب کیا کہیں گے آپ ؟ یہ دہرا معیار کیوں۔
شہر کراچی میں کالعدم دہشتگرد گروہ اہل سنت والجماعت (سابقہ کالعدم انجمن سپاہ صحابہ)، جماعت الدعوۃ اور دیگر تمام مذہبی انتہا پسند گروہوں کو کام کرنے کی پوری آزادی ہے۔ رینجرز کے چھاپے اور گرفتاریاں صرف ایم کیو ایم سے مخصوص ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور الحق سے لے کر جماعت الدعوۃ کے ہیڈ کوارٹر بمقام یونیورسٹی روڈ (جامعۃ الدراسات) تک اور کالعدم ASWJ کے مرکز بمقام ناگن چورنگی سے لے کر دہشتگردی کی نرسری جامعہ بنوریہ تک، دہشتگردی و انتہا پسندی کے کسی مرکز پر رینجرز اہلکاروں کی جانب سے چھاپہ مارنے کی جرات نہیں کی گئی پچھلے چار مہینوں میں۔ سانحہ پشاور سے لے کر سانحہ صفورا تک دہشتگردی کے ہر بڑے واقعہ میں ملوث ملزمان( جن کو سندھ پولیس نے گرفتار کیا) کا تعلق دہشتگردی کے انہی مراکز سے رہا جو رینجرز کی دسترس اور پہنچ سے دور ہیں۔
واضح ہوجاتا ہے کہ ان پے در پے چھاپوں اور گرفتاری کا مقصد کراچی شہر کی مہاجر آبادی اور مہاجر نوجوانوں کو ٹارگٹ اور ہراساں کرنا ہے اور یہ چھاپے اور گرفتاری سیاسی اور لسانی عصبیت کا پہلو رکھنے ہیں نہ کہ انتظامی اور قانونی۔
اور پھر یہ صرف سندھ کا مسلہ نہیں، بلوچستان میں بھی یہ تکفیری دہشتگرد ایف سی کی کسی بھی کاروائی سے محفوظ ہیں۔
اگر کسی کو میری بات کی سچائی پر شبہ ہے تو بتا دے کہ پچھلے 6 ماہ میں، سانحہ پشاور کے بعد سندھ رینجرز نے کالعدم دہشتگرد تکفیری گروہ اہل سنت والجماعت کے کتنے مدارس پر چھاپا مارا، کتنے دہشتگردوں کو گرفتار کیا، کتنے دہشتگردوں کی ویڈیو اور انٹیروگیشن رپورٹس شائع کیں؟
باقی فوج اور رینجرز کے خلاف تقریر تو زرداری صاحب نے بھی کی تھی ابھی کچھ دن پہلے وہ کیا لو لیٹر لگ رہا تھا آپ کو ؟ اگر نہیں تو بلاول ہاؤس پر چھاپہ کیوں نہیں مارا ؟
https://www.facebook.com/agahii/videos/10205138704367029/