Umeed mari naheen, shaheed ho gai – by Faraz Hashmi
امید مری نہیں ’شہید‘ ہو گئی
برما کی جمہوریت پسند راہنما ایک طویل حراست کے بعد اپنی پارٹی کے ہیڈکوارٹر پہنچیں تو عوام کے ایک بہت بڑے ہجوم نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ پینسٹھ سالہ ایک کمزور سی عورت جو جمہوریت پر اپنے غیر متزلزل یقین سے برما کے عوام کے لیے ایک امید بن گئی ہے۔
اس خاتون نے ایک دہائی سے زیادہ طویل عرصے پر محیت قید اور پھر نظر بندی سے رہائی پا کر اپنے حامیوں اور کارکنوں سے امید کا دامن تھامے رکھنے کا پیغام دیا۔
سوچی کے عوامی خطاب اور پھر ان کی پرہجوم پریس کانفرنس کی تصاویر دیکھ کر دماغ میں جھماکے سے ہونے لگے۔ ان مناظر کی چند اور تصاویر دیکھ کر دماغ کی رگیں کھچنے لگیں۔انیس سو اٹھاسی کے بعد کا پاکستان یاد آ گیا۔
ایک ایسا پاکستان جہاں عوام کی امیدیں زندگی تھیں۔
ایک ایسا پاکستان جہاں ایک کمزور نہتی لڑکی عوام کی امیدوں کا محور بن گئی تھی۔
ایک ایسا پاکستان جہاں سڑکوں اور جلسہ گاہوں میں لاکھوں عوام بھی ایک جمہوریت پر یقین رکھنے والی لڑکی کے جلسوں اور جلوسوں میں دیوانہ وار شریک ہوتے تھے۔
ان کے جلسوں، پریس کانفرنسوں اور جلوس کی رپورٹنگ کرنے کے لیے مجھے جیسے بہت سے ملکی اور غیر ملکی صحافی اور فوٹو گرافر بغیر کوئی حرف شکائت منہ پر لائے کبھی کھلے آسمان تلے اور کبھی کھچا کھچ بھرے کمروں میں پہروں انتظار کرتے تھے۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ کے مناظر۔۔۔ڈاکٹر نیازی کی ایف سیون کی کوٹھی کے مناظر۔۔ایمبیسی روڈ پر پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹریٹ کے مناظر۔۔چکلالہ ایئر پورٹ کے وی آپی لاونج کے باہر کے مناظر۔۔۔ وہ مناظر جو وقت کی گرد میں دھندلا گئے تھے آج سوچی کے پہلے عوامی خطاب کی تصاویر دیکھ کر اس طرح تازہ ہو گئے جیسے کل کی بات ہو۔
لیکن ان یادوں کے ساتھ ہی دل میں ایک ٹیس سی محسوس ہوئی ہے۔
کسی پرانے زخم کے ہرے ہوجانے کی ٹیس۔۔۔ کسی پیارے یا عزیز کے بچھڑ جانے کی ٹیس۔۔ ایک ناقابل تلافی نقصان کی ٹیس۔۔۔امیدوں کے دم توڑ جانے کی ٹیس۔۔۔۔ وہ امید جو بارود کی نظر ہو گئی۔۔۔اور ساتھ ہی ان لوگوں پر شدید تاصف بھی ہوا جن کا کبھی اس کا نام سن کر خون کھول جاتا تھا لیکن انھیں آج احساس ہوا ہے کہ امید مری نہیں ’شہید‘ ہوئی ہے۔۔اور کہتے ہیں شہید کبھی مرتے نہیں۔۔۔
Who Changed its heading?
I did. Urdu titles don’t feed into rss unfortunately.
Also, I have now inserted the link to the original article and corrected its categorization.