عمران خان کی قیادت میں منور حسن‘ فضل الرحمن اورسمیع الحق پر مشتمل جرگہ دیوبندی طالبان سے مذاکرات کرے – سلیم صافی
میں طالبان اور لشکر جھنگوی کے دیوبندی جہادیوں کے قضیے کے براہ راست متاثرین میں شامل ہوں۔ میرے باپ دادا کی سرزمین مہمندایجنسی کئی سال تک میدان جنگ بنی اور اپنا قبیلہ دربدر ہوا ۔ میرے جان سے زیادہ عزیز دوست اس جنگ میں جان دے بیٹھے ۔ فاٹا اور پختونخوا کے وہ زعماء جن کی پگڑیوں کو آسمان جھک کر سلام کرتا تھا‘ اس جنگ میں ہجرت کرنے پر اور ان کی خواتین جھونپڑیوں میں رہنے یا پھر بھیک مانگنے پر مجبور ہوئیں۔ میری مسجد امن و سکون کی جگہ تھی لیکن اب وہاں بم پھٹ رہے ہیں ۔ میری پگڑی عزت اور وقار کی علامت تھی لیکن اب اسے دہشت کا نشان سمجھا جاتا ہے ۔ داڑھی میرے دین کے شعائر میں سے ایک تھی لیکن اب اس کا حامل دہشت گرد یا ان کا ہمدرد سمجھا جاتا ہے ۔ اس خطے سے دولت اور ذہانت ہجرت کرگئی اور اب یہاں صرف خوف اور منافقت کا راج ہے۔ وہ خطہ جو فنون لطیفہ کا منبع تھا ‘ اب اجڑے گلستان کا منظر پیش کرنے لگا ہے ۔ کم وبیش ہر فرد ذہنی مریض ہے اور پچھلے سالوں کے دوران اس خطے میں ذہنی امراض کی ادویات کی فروخت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ شادیاں بغیر بارات کے ہونے لگی ہیں اور قریبی عزیز بھی جنازوں میں شرکت سے کتراتے ہیں
زرداری صاحب نے پانچ سال تک صدارت کی لیکن چیف ایگزیکٹیو ہونے کے باوجود وہ قبائلی علاقے کے کسی ایک انچ پر بھی قدم نہیں رکھا۔ ظاہر ہے وجہ خوف کے سوا کچھ نہیں اور یہی خوف ہی تو ہے کہ وزیراعظم نواز شریف قبائلی علاقے تو کیا پشاور تک کا دورہ کرنے سے کتراتے ہیں ۔ اب تو کراچی اور کوئٹہ بھی طالبان اور لشکر جھنگوی کے دیوبندی جہادیوں کی جنگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں لیکن ایوان ہائے اقتدار اس سے غافل اس لئے ہیں کہ لاہوراب بھی کسی حد تک محفوظ ہے ۔ یہاں اور اسلام آباد میں بیٹھے حکمران اور دانشور اس جنگ کی تپش کو اس طرح محسوس کرہی نہیں سکتے ‘ جس طرح کہ براہ راست متاثر ہونے والے محسوس کررہے ہیں
مسئلہ ہے کیا اور وہ کس قدر بھیانک ہے ‘ یہ وہی فوجی جوان جانتا ہے کہ جو اپنے گھر اور بچوں سے سینکڑوں میل دور وزیرستان اور باجوڑ کے پہاڑوں میں ڈیوٹی دے رہا ہے ۔ جو کبھی تکفیری دیوبندی جہادیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے تابوتوں کو سلامی دے رہا ہے اور کبھی اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھارہا ہے ۔ اس قضیے کے بھیانک جہتوں کو وہی شخص سمجھ سکتا ہے جس کے پیارے خودکش دھماکوں یا بمباریوں میں نشانہ بنے ۔ وہ سمجھ سکتا ہے جو بے گھر بھی ہوا اور جس کا گھر بھی لٹا
نام نہاد دانشوروں نے کبھی یہ جاننے کی زحمت گوارا نہیں کی کہ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں سات سال سے پاکستانی فوج اور حکومت دیوبندی عسکریت پسندوں کے ساتھ معاہدے میں بندھی ہوئی ہے۔ نام نہاد دانشور ”صحافیانہ ذمہ داریوں“ کے لئے ایک ہفتہ چین جاتے ہیں ‘ دوسرے ہفتے ترکی ‘ کبھی لندن تو کبھی امریکہ لیکن بارہ سال میں کبھی وزیرستان یا کابل جانے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ لیکن پھر بھی انہیں زعم ہے کہ حقیقت صرف وہ جانتے ہیں اور بڑے خشوع و خضوع کے ساتھ اپنے آپ کو بہادر یا لبرل ثابت کرنے کیلئے ہم جیسوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں ۔ ان کی طرف سے اور ان لوگوں کی طرف سے ‘جن کی خوشی کیلئے انہوں نے یہ لائن پکڑی ہوئی ہے ‘وہ ہمیں طالبان کی ترجمانی کے طعنے دے رہے ہیں تو دوسری طرف طالبان کے نزدیک ہم فوج اور حکومت کے ایجنٹ ہیں ۔ میرے ان دوستوں کو کون سمجھائے کہ ہمیں دانشوری کا زعم ہے اور نہ اس کا شوق ہے ۔ ہمیں تو امن چاہئے ۔ سکون چاہئے ۔ اپنی قوم کی خواتین کی عزتوں کا تحفظ چاہئے ۔ اپنے منبراور مسجد کی عفت اور اپنے حجرے کی عظمت کی بحالی چاہئے ۔ تیس سال ہم نے آگ و خون کی اس بزکشی کا مہرہ بن کر گزار لئے لیکن بہتری کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں
بنوں جیل ٹوٹی اور اپنے سینکڑوں ساتھیوں کوسپاہ صحابہ اور طالبان کے دیوبندی جہادی رہا کراکے لے گئے لیکن ہم نے پاکستانی فوج یا ریاست کی طرف سے کوئی جوابی اقدام نہیں دیکھا۔ ڈی آئی خان جیل کو توڑ کر پھر یہ عمل دہرایا گیا لیکن فوج ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہی ۔ اسفندیار ولی خان کے عزیز اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان گزشتہ تین سال سے دیوبندی عسکریت پسندوں کی تحویل میں ہیں ۔ ان کی بچیاں اور بیوی پاگل ہونے کو ہیں لیکن فوج کی طرف سے ان کی رہائی کیلئے کوئی اقدام ہمیں نظرنہیں آرہا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے بیٹے ملتان سے اغواء کرکے وہی عسکریت پسند اپنے ٹھکانوں کی طرف لے گئے ۔ چار ماہ ہوگئے لیکن فوج ان کے کسی کام نہیں آئی ۔ مایوس ہوکر اب وہ کبھی مولانا سمیع الحق کے دربار پر حاضر ہورہے ہیں اور کبھی ان جیسے دیگر لوگوں کے ہاں
نیویارک ٹائمز خبر دے چکا کہ پشاور میں اس وقت حکومت کا نہیں بلکہ دیوبندی طالبان عسکریت پسندوں کا سکہ چلتا ہے ۔ پنڈی ‘ اسلام آباد میں دیوبندی عسکریت پسند جس سے چاہے تاوان طلب اور پھر وصول کرتے ہیں ۔ ہم جیسوں نے بارہ سال انتظار کیا لیکن اس ملک کی سیاسی قیادت ایک لمحے کیلئے بھی اس معاملے میں یک زبان نہ ہوسکی ۔ میاں نوازشریف حکمران بنے تو اس مسئلے کو بھول کر اقتدار کے دیگر بھول بھلیوں میں لگ گئے ۔ اس مسئلے کی طرف ان کی عدم توجہی کا یہ عالم ہے کہ قبائلی علاقوں کا چیف ایگزیکیٹو ممنون حسین صاحب کو بنا دیا ۔ تین ماہ گزرجانے کے باوجود گورنر خیبر پختونخوا (جو صدر مملکت کے نمائندے کی حیثیت سے فاٹا کا چیف ایگزیکٹیو ہوتا ہے)کے منصب کیلئے نئے بندے کا تقرر کرسکے اور نہ پہلے سے موجود گورنر کو اطمینان دلا کر مستقل کرسکے ۔اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں وزیراعلیٰ پنجاب تو نظر آتے ہیں لیکن گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نظر نہیں آتے۔ یہ تو بھلا ہو تحریک طالبان پنجاب کے امیرعصمت اللہ معاویہ دیوبندی کا کہ انہوں نے پنجاب میں کاروائیوں کی دھمکی دی اور میاں نوازشریف اس مسئلے کی طرف متوجہ ہوئے ۔ پہلے ڈی سی سی کی میٹنگ بلائی اور پھر اے پی سی طلب کی ۔ اب وہاں تو ملک کے تمام بہادر سیاسی رہنماوں نے فوجی قیادتکے ایما پر یک زبان ہوکر مذاکرات کی حمایت کردی لیکن جب ہم جیسے طالب علموں نے بھی مذاکرات کے
آپشن کو آزمانے کے حق میں چند دلائل دئے تو ہم طالبان کے ترجمان اور ملک دشمن قرار پائے ۔ بہر حال جو ہونا تھا ‘ ہو چکا ۔
طالبان نے شوریٰ کے اجلاس کے بعد مذاکرات سے متعلق جس طریقے اگر مگر سے کام لیا اور پھر جس ڈھٹائی کے ساتھ میجر جنرل ثناء اللہ اور ان کے ساتھیوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی ‘ اس سے لگتا ہے کہ دیوبندی طالبان مذاکرات میں سنجیدہ نہیں – میجر جنرل ثنا الله کی شہادت نے دیوبندی طالبان کی خباثت اور پاکستان دشمنی کو واضح کر دیا ہے ۔اب ہم دیکھیں گے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کس طرح سیدھا کیا جاتا ہے۔
میاں نواز شریف صاحب مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے اپنے سیاسی مفادات کے خول سے نکلنے کو تیار نہیں اور نہ قربانی پر آمادہ ہیں ۔ ظاہر ہے اس طرح یہ کام نہیں ہوسکتا۔دیوبندی طالبان کا یہ کہنا بھی غلط ہے کہ ماضی میں تمام معاہدے حکومت کی طرف سے توڑے گئے ۔ شکئی معاہدہ میں یہ شرط موجود تھی کہ غیرملکی اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرائیں گے ۔ کیا مقررہ تاریخ کو ایک بندہ رجسٹرڈ ہونے کے لئے آیا تھا؟۔ نہیں ہر گز نہیں ۔نیک محمد کے خلاف ڈرون حملے سے دو ہفتے قبل فوج قافلے پر حملہ ہوا تھا اور جنگ دوبارہ چھڑ گئی تھی ۔معاہدہ میران شاہ‘ جس پر آج تک حکومت یکطرفہ عمل کررہی ہے ‘ میں یہ شق موجود ہے کہ شمالی وزیرستان کی سرزمین حکومت پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی ۔ اب کیا واقعی ایسا ہے ؟۔ کیا یہ حقیقت نہیں کہ اسی شمالی وزیرستان ہی کو مرکز بنا کر تحریک طالبان دیوبندی پورے پاکستان میں کاروائیاں کررہی ہیں ۔ مذاکرات کے مخالفین تو برا منائیں گے لیکن بہر حال حکومت کو چاہئے کہ وہ اتمام حجت کے طور پرعمران خان صاحب کی قیادت میں سید منور حسن ‘ مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق پر مشتمل جرگہ تشکیل دے دے ۔ انہیں مکمل اختیار کے ساتھ دیوبندی طالبان کے پاس بھیجیں کہ وہ ان کو صلح پر آمادہ کرلیں ۔ وہ یہ کام کرسکیں تو ٹھیک نہیں تواتمام حجت تو ہوجائے گا ۔ میں تو اب انتظار کروں گا کہ مذاکرات کے مخالف تجزیہ نگاروں کا نسخہ کیمیا کیا رنگ دکھاتا ہے اور مذاکرات کی بجائے کسی اور طریقے سے ریاستی رٹ کو کب اور کس طرح بحال کیا جاتا ہے ۔
Source: Adapted with changes from Jang, 17 Sep 2013
Comments
Tags: Dialogue, Saleem Safi, Taliban & TTP
Latest Comments
Saafi sahib ap ko Allah zindagi daay Ap bhi daikhain gai k akhri marka Pak Fouj hi kary gi or awaam pak army k sath hoon gain عمران خان سید منور حسن ‘ مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق yai sab in talban k zeray asar haain lihaza akri option militiry action hi ho ga
nice article but deobandi takfeeri ki istelah saleem safi use nahi karsakta kiu k wo khud b debandi hai so article main kafi sari batein edited hain……
صافی صاحب! اللہ کرے زور قلم اور زیادہ…
آپکی اس تحریر سے جزوی اختلاف رکھتا ہوں