Kharijiites, martyrs and the Pakistani media – by Ahsan Abbas

کیا خارجیوں کے ساتھ میڈیا ثالثی کردار ادا کر رہا ہے یا شہیدوں کے ساتھ سازشی ؟

سال ٢٠١٠کا دوسرا مہینہ شروع ہوگیا، گُذشتہ برسوں کی نسبت آگ و خون کا کھیل ختم ہونے کی کوئی آثار سُجھائی نہیں دیتے۔ عاشورہ محرم کو ہونے والی سازش ہو یا چہلمِ امامِ مظلوم میں بم دھماکے،ہر آنکھ اشکبار ہر ہاتھ سینہ پر، فضا میں لبیک یاحسین کے نعرے اور شہیدوں کے لُہو کی خوشبو۔۔۔۔۔

پھر دوسرا دِن ، جنازے، مظاہرے، ہرتال، مذمت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مذمت؟ صرف مذمت۔۔۔کیا یہ مذمت شُہدا کے وارثان کے لیے کافی ثابت ہوگی؟

مُجھے اعتراض مُذمت پر نہیں، بلکہ اُس سیاست پر ہے جو کسی بھی دھماکے کے بعد اپوزیشن ارکان اور نام نہاد لیڈرز چینلز پر بیٹھ کر کرتے ہیں۔

مولا علی کا قول ہے کہ جو بُرائی جتنی دیر میں پنپتی ہے ، اُتنی دیر سے ختم ہوتی ہے۔

یہ خارجی ہمارے درمیان ایک دو سال سے نہیں بلکہ اِسلام کی تاریخ انہی خارجیوں کی ظلم و ستم سے بھری پڑی ہے، خارجی اور سازشی اِسلام کے خلاف صدیوں نبرد آزما ہیں۔

برِ صغیر پاک و ہند کی اہمیت ، یہاں بسنے والے لاکھوں عاشقانِ محمد و آلِ محمد کی عقیدت کا تذکرہ میں پہلے بھی اپنے ٹوٹے پھوٹے حروف میں کر چُکا ہوں۔

بحیثیت قوم ہم بڑی قُربانیاں دے چُکے، ہر قُربانی کے بعد ہم نے اِسلام اور پاکستان کی بقا اور سر بُلندی کے لیے دُعا کی ، لیکن یہ خارجی ہمیں کہیں بھی تو جینے نہیں دے رہے۔

نِت نئے طریقے، نِت نئے دہشت گردی کے حربے! ضیاء ملعون کی باقیات ہمیں پتہ نہیں کتنے دُکھ اور دے گی۔ مُجھے علامہ عباس کمیلی کی بات سے سو فیصد اِتفاق کرنا ہے ، مُجھے یزیدی فوج کے مدِ مُقابل حسینی لشکر میں سُنی بھی صف آراء نظر آرہے ہیں اور شیعہ بھی، ہندو بھی اور عیسائی بھی حق و باطل کی اِس لڑائی کا انداز بھی نیا نہیں، پیٹھ پیچھے وار کرنا اور وار کر کے چھُپ جانا ۔

بِلا شُبہ ہماری فوج ظالمان سے اپنی پوری پیشہ وارانہ صلاحیت سے لڑ رہی ہے، مائیں بیٹوں کی شہادت پر شُکرِ خُدا کرتی نظر آتی ہیں، ٹی وی چینلز پر ہر کسی شہید کے وارثان قُربانی کے باوجود پاکستان کے استحکام اور اَمن کی دُعا کرتے نظر آتے ہیں، اِپنا لختِ جگر کھو کر اِتحاد اور ایمان کا درس دیتے ہیں۔

ابھی چینل بدلو، اور دیکھو کوئی ٹاک شو، ایک میزبان، سُوٹ بُوٹ میں چند سیاسی پارٹیوں کے ترجمان کے ساتھ بیٹھا نظر آئے گا، ہر میزبان کا اپنا ایجنڈا ، دُکھ اور تکلیف کی بات یہ ہے کہ ہر حادثہ کے بعد غریبوں کی بات کرنے والے یہ وائٹ کالر اینکر بُلند آواز میں شور مچا کر شہیدوں پر سیاست کیوں کرتے ہیں؟ غریبوں کی بات کرنے والا میڈیا جو غریب کی لائیو کال سُننے پر بیسیوں روپے چارج کرواتا ہے۔

کیا اِن خارجیوں کے ساتھ میڈیا ثالثی کردار ادا کر رہا ہے یا شہیدوں کے ساتھ سازشی ؟

مُجھے حیرت ہے اُن نام نہاد سیاست دانوں پر جو آئے دِنوں کے دھماکوں کے بعد حکومت کی ناکامی کا ڈھول پیٹتے ، شہیدوں پر سیاست کرتے ہیں، حیرت اِس اَمر کی بھی ہے کہ آج تک اِن کو کبھی اپنی شہید پر سیاست کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ میں ایسے نام نہاد سیاسی کپتان کے حق میں یہی دُعا کر سکتا ہوُں کہ اللہ ان کی توفیقات میں اِضافہ فرمائے اور اِن کو کسی اپنے کی شہادت پر سیاست کرنے کا موقع دے۔

بے شک حکومتِ وقت تمام رعایا کی جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہوتی ہے، لیکن حکومتِ وقت اور حُکمرانِ وقت کے خاندان کی پاکستان اور جمہوریت لیے دی گئی قُربانیاں پسِ پُشت نہیں ڈالی جا سکتی۔

پچھلے دِنوں طالبان کی چُنگل سے آزادی پانے والی امینا کی کہانی سُنیں تو احساس ہو کہ کیسے دُخترِ مشرق شہیدِ جمہوریت بینظیر بھٹو کو شہید کر کے اِن خارجیوں نے خوشیاں منائی تھیں۔

خارجیوں کو خوشی تھی کہ سالارِ قافلہ مار دی، اب حسینیوں کا لشکر بکھر جائے گا٠

لیکن ٢٨ دسمبر کے بعد پاکستان کھپے کا فلک شگاف نعرہ ۔۔۔۔ یہی وہ مُقام تھا جب خارجیوں کو اپنا پینترا بدلنا پڑا اور سازشیوں کو یزیدی لشکر میں پہلی صف دی گئی، یہ خارجی جانتے ہیں کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرو، انہیں لڑاؤ، لسانی، مذہبی، صوبائی رنجشوں کو سازشیوں کے ذریعے طُول دو، انہیں کسی مسجد، کسی جلوس، کسی محفل، کسی سیاسی پلیٹ فارم پر اِکٹھا مت ہونے دو۔

سازشی حسینی لشکر میں ایسا انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ اِس لشکر کی صفیں آپس میں اُلجھ جائیں، جو تلواریں خارجیوں کے لیے نیام سے باہر آئیں ہیں وہ یہ آپس میں ہی ایک دوسرے کی گردن پر رکھ دیں۔ ایسا گھُمسان کا رَن پڑے کے ہمارے لشکر کا نہ کوئی علمدار رہے نہ سپہ سالار رہے۔

جو کام خارجی غار میں چھُپ کر وار کر کے نہیں کر سکے وہ انہی کا سازشی ٹولہ میڈیا میں بیٹھ کر کرنے کی کوششوں میں مصروفِ عمل ہیں اور ہم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ، کیا خارجیوں کے ساتھ میڈیا ثالثی کردار ادا کر رہا ہے یا شہیدوں کے ساتھ سازشی ؟

سید احسن عباس رضوی
(احسن شاہ)

Comments

comments

Latest Comments
  1. yaseen ch
    -
  2. Sarah Khan
    -
  3. Syed Muhammad Kashif
    -
  4. not still Pakistani
    -