شام پر بیرونی حملہ بھرپور جنگ کا سبب بنے گا ۔ روس
روس کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ شام پر کسی بھی بیرونی فوج کاحملہ بھرپور جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق روسی وزیر اعظم دمیتری مدودوف نے جرمن اخبار ہندلزبلات کو انٹرویو میں ٹھوس موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شام پر کسی بھی بیرونی ملک نے حملہ کیا تو نئی عالمی جنگ شروع ہوجائے گی۔ سعودی عرب شام میں اپنی بری فوج بھیجنے پراصرار کررہا ہے۔ روسی وزیر اعظم نے کہا کہ شام میں کسی بھی ملک کی بری فوج کی مداخلت سے شام کا بحران حل نہیں ہوگا بلکہ مزید طولانی ہوجائے گا۔
روس کے وزیر اعظم مدودوف نے کہا کہ امریکہ، سعودی عرب اور بعض یورپی ممالک شام میں عدم استحکام کے ذمہ دار ہیں۔
روس نے کچھ دنوں قبل خبردار کیا تھا کہ فضائی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ترکی میں شام کی سرحد کے قریب فوجیں جمع ہیں اور فوجی ساز و سامان اکٹھا کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے بھی کہا ہے کہ وہ ترکی کی سرزمیں سے شام پرحملہ کرے گا۔
روسی حکام نے گذشتہ ہفتے بارہا علاقے کے بعض ملکوں منجملہ سعودی عرب کو خبردار کیا ہے جو دہشتگردی کےبہانے شام پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ عنقریب شام پر بری فوج سے حملہ کرے گا۔ صرف امریکہ نے سعودی عرب کے اس ارادے کا خیر مقدم کیا ہے اور اب تک کسی بھی عالمی ادارے نے اس حملے کی اجازت نہیں دی ہے۔