داعش نے قطر کے خلاف نیا محاذ کھول دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدت پسند گروپ داعش نے عالمی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) کے سربراہ ”سپ بلٹر“ کے نام دھمکی آمیز خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قطر میں ورلڈ کپ کا انعقاد نہیں ہوگا کیونکہ یہ ملک جلد ہی ”اسلامی خلافت“ کا حصہ بن جائے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر جگہ تبدیل نہ کی گئی تو داعش قطری سٹیڈیمز کو لانگ رینج سکڈمیزائلز کے ذریعے نشانہ بنائے گی اور امریکیوں کو معلوم ہے کہ ہمارے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔
یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ہم نے 2010ءمیں (جب قطر میں ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا) بھی پیغام بھیجا تھا اور اب ”اسلامی خلافت“ کے قیام کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قطر میں ورلڈ کپ 2022ءنہیں منعقد کیا جائے گا۔ لہٰذا تجویز یہ ہے کہ کس اور ملک کا انتخاب کرلیا جائے۔ قطر فٹبال ورلڈ کپ 2022ءکے معاملے میں یہ تازہ ترین تنازعہ سامنے آیا ہے۔ اس سے پہلے یہ الزامات بھی لگائے جاچکے ہیں کہ قطر نے میزبانی رشوت دے کر حاصل کی اور پہلے ہی مغربی میڈیا میں بار بار کسی اور ملک کے انتخاب کا مطالبہ کیا جارہا تھا، اب داعش بھی مغربی میڈیا کی ہمنوا بن گئی ہے۔
کل تک قطر جس تنظیم کی سرپرستی کر رہا تھا آج وہ بینک لوٹنے کے بعد لاکھوں ملین پاؤنڈ کی ملک بن چکی ہے – یہی حال دوسری طرف سعودی عرب کا ہے – داعش امریکی اسلحہ ملنے کے بعد اپنے آقاؤں قطر اور سعودی عرب پر حملے کے لئے بھی پر تول رہی ہے
سعودی عرب اور قطر کو پاکستان سے سبق سیکھتے ہوے ان تنظیموں کی سرپرستی اور امداد سے مکمل طور پر دستبردار ہو کر عراق اور شام کی حکومتوں کو ان دہشت گردوں سے نبٹنے کے لئے مدد فراہم کرنی چاہیے جس میں پورے مشرق وسطیٰ کی بھلائی اور فایدہ ہے – –