تکفیری خارجی دہشتگرد گروہوں منجملہ داعش کا حقیقی مقصد، صیہونی حکومت کی سیکیورٹی کی ضمانت فراہم کرنا ہے – مولوی نذیر احمد
ایران کے معروف اہلسنت عالم دین اور مجلس خبرگان کے رکن مولوی نذیر احمد سلامی نے کہا ہے کہ تکفیری خارجی دہشتگرد گروہوں منجملہ داعش کا حقیقی مقصد، صیہونی حکومت کی سیکیورٹی کی ضمانت فراہم کرنا ہے۔انھوں نے اپنی ایک گفتگو میں شام و عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کی کاروائیوں کا مقصد، صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرنا قرار دیا۔ مولوی نذیر احمد سلامی نے کہا کہ ایران میں اسلامی جمہوری نظام کی جانب سے گذشتہ پینتیس برسوں کے دوران اسرائیلی حکومت کو ہمیشہ ناجائز حکومت کو طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ انھوں نے علاقے میں پیدا ہونے والی اسلامی بیداری کی طرف بھی اشارہ کیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ اس بیداری سے مسلمانوں میں اسلامی نظام کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ ایران کے اس معروف اہلسنت عالم دین نے شام اور عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کے وحشیانہ اقدامات کو اسرائیل کے حامی مغربی ملکوں کی سازشوں کا نتیجہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں متحد ہوجائیں اور ایرانی قوم کی مانند، اسلامی احکامات اور قرآن مجید کی تعلیمات نیز واحد و توانا راہبر و قائد (امام خامنائی کی طرف اشارہ ہے) کی پیروی کرتے ہوئے دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اپنے وحشانہ جرائم کی پردہ پوشی کیلئے بعض انتہا پسند گروہ، اہلسنت مسلمانوں کے حقوق کے دفاع کے بہانے، ہر قسم کے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں یہ ایسی حالت میں ہے کہ اہلسنت کے بیشتر علمی مراکز اور علمائے کرام نے اپنے فتووں میں میں تکفیری خارجی دہشتگردوں کے ہر قسم کے غیر انسانی اقدام کو غیر شرعی اور حرام قرار دیا ہے۔
Comments
Tags: Iraq, Syria & Syrian Civil War