کنور کا چکن سوپ حرام – فہمیدہ ریاض
یہ روایت کافی برس پہلے شروع ہوی تھی ۔بہت پہلے جب میں انگلیند میں رہتی تھی تو ہم پر یہ صاف تھا کہ بھئ یہاں پورک کھایا جاتا ہے جو ہم نہیں کھاتے ہیں ۔ دوسرے یہ کہ گوشت حلال گوشت کی دوکان سے ہی لینا ہے ۔ پھر امریکہ جانا شروع ہوا جہاں میری بڑی بہن کا خاندان رہتا ہے ۔۔وہاں بھی یہی صورت تھی ۔۔ھلال گوشت کی دوکانیں ہر جگہ موجود تھیں بلکہ بڑے سٹورز میں حلال گوشت کے شیلف الگ ہوتے تھے ۔ کتنا آسان تھا سب کچھ ۔کھانے پینے جیسی روزمرہ کی ضرورت کے لیئے اس سے ذیادہ پیچیدگی تو مصیبت بن جاتی
پھر میں نے اس کو مصیبت بنتے دیکھا ۔ اور وہ نوبت پہنچی کہ چاکلیٹ اور بسکٹ بھی حرام اور حلال مانے جانے لگے ۔ امریکہ میں اس کا آغاز دراصل یہودیوں نے کیا تھا ۔ یہودی بھی پورک نہیں کھاتے ہیں علاوہ ازیں جانور کو کوشر بنانے کے لیئے جیسے ہم حلال کرتے ہیں ویسے ان کا بھی ایک طریقہ ہوتا ہے ۔ اس لیءے کیا آیس کریم اور کیا پنیر ، جس میں چربی کا استعمال ہو سکتا ہے وہ سب کچھ حرام قرار دیا گیا
ان کی نقل میں مسلمانوں نے یہ سب کچھ شروع کیا ۔ ملا حضرات کی بن آئ ۔۔آمدنی کا نیا ذریعہ پیدا ہوا کہ بازار میں حلال اشیا کی لسٹیں بنائ جایں۔ مساجد کے فنڈ سے خوب پیسے ملے ۔۔ بہر ھال تعلیم یافتہ یہودی یورپ اور امریکہ میں بھی اس چکر میں نہیں پڑتے ۔ پورک تو وہ بھی نہیں کھاتے لیکن کوشر چاکلیٹ یا بسکٹ نہیں ڈھونڈتے ۔وجہ صاف ظاہر ہے ۔۔ایسے ملکوں میں جہاں کی بھاری اکثریت عیسائ ہے وہاں بہت کٹر بن کر تو وہ آفس میں ، دوستوں کی محفل میں ، کسی پارٹی میں نہ کچھ کھا پی سکیں گے نہ ہی گھل مل سکیں گے ۔ اسی لیئے سیانے فلمی شاعر نے کہ
روٹھنے والے ، محبت کو مصیبت نہ بنا
اب یہ پاکستانی قایمہ کمیٹی کو سوجھا ہے ۔۔ویسے ذرا ان سے پوچھیں یہ جو چین اپنا یار ہے جس پہ جان نثار ہے ۔۔ہر قسم کا کتے بلی کا گوشت کھاتے ہیں اور یہ جو ہم ان کے بے ذایقہ پھل ترکاریاں کھاتے رہنے پر مجبور ہیں ان کی کھاد بھی ان ہی سانپ بچھووں سے بناتے ہیں ۔۔تو کہاں رہ گئ ہماری مسلمانی ؟
یہ جو ہم نت نئ اسلامی باریکیاں نکال رہے ہیں ۔۔رگ گل سے بلبل کے پر باندھ رہے ہیں ، تو اس تماشے سے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں ؟
جی نہیں ۔۔چکن سوپ تو چکن سوپ ہے اور چکن حلال ہوتی ہے ۔۔جیسے اب میری طبیٰت ٹھیک نہیں ۔ ہلکی غزا کھا سکتی ہوں ۔۔۶۵ روپے میں کنور چکن سوپ کا پیکٹ آتا ہے ۔۔وہی چاینیز ریستوراں سے ساڑھے چار سو روپے میں ملے گا ۔۔ ارے بھئ زلفی ۔۔ایک پیکٹ سوپ تو لیتے آنا