پھانسی کی سزا پر طالبان کی دھمکی
تحریک طالبان پاکستان نے حکومت پنجاب اور حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کو خبر دار کیا ہے کہ اگر ان کے چار ساتھیوں کو پھانسی دی گئی تو پنجاب حکومت کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد نے بتایا کہ انھیں معلوم ہوا ہے کہ عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کو ان کے تین ساتھیوں سمیت فیصل آباد منتقل کیاگیا ہے جہاں رواں ماہ انھیں پھانسی دی جائے گی۔
عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا بنیادی تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے اور انھیں اکتوبر سنہ 2009 میں جی ایچ کیو پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائینڈ یعنی سرغنہ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں اس وقت آٹھ ہزار کے قریب افراد کو سزائے موت کی سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ برسوں سے کال کوٹھریوں میں اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ سزائے موت کی سزا پانے والے میں سے چھ ہزار کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے پھانسی کی سزا پر عمل درآمد روک دیا تھا اور سنہ دو ہزار آٹھ سے دو ہزار تیرہ تک صرف دو افراد کو پھانسی دی گئی تھی۔ ان دونوں افراد کو فوجی عدالت سے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کے قائم ہونے کے بعد پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کا اعلان کیا تھا۔
کلِکسزائے موت پر عملدرآمد کیا جائے گا: وفاقی حکومت
کلِک’سزا کا خوف بہت ضروری ہے‘
کلِکمذاکرات کے لیے آپریشن بند کریں: طالبان
طالبان ترجمان کے مطابق حکومت کا یہ اقدام اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا جس کے بعد تحریکِ طالبان اس کے خلاف کارروائیاں شروع کر دے گی۔
طالبان ترجمان کے مطابق لشکر جھنگوی کے متعدد کارکن تحریکِ طالبان میں شامل ہوئے ہیں اور تحریک کے جھنڈے تلے کام کر رہے ہیں۔
حکومت پنجاب اور حکمران جماعت مسلم لیگ کو تحریک طالبان کی جانب سے حالیہ دھمکی ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب طالبان نے ایک بار پھر حکومت سے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
طالبان ترجمان کے مطابق وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن ملک میں امن کی خواہاں ہے لیکن پاکستان کی فوج اور اسٹیبلشمنٹ انھیں طالبان کے خلاف جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔
Source :
http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2013/08/130813_taliban_pml_threat_rwa.shtml