شہری حقوق: پاکستان صرف شام، کانگو اور سوڈان سے بہتر ہے

131027154902_missing_people_longmarch_quetta_304x171_bbc

برطانیہ کے ایک تجزیاتی ادارے کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان شہریوں کے بنیادی حقوق کو لاحق سنگین خطروں کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ تحقیق کے مطابق پاکستان میں روایتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے علاوہ اب فرقہ وارانہ تصادم انسانی حقوق کےلیے ایک نیا خطرہ بن کر ابھر رہے ہیں۔

برطانیہ کے میپل کروفٹ نامی ادارے نے انسانی حقوق کے خطرات کا عالمی نقشہ مرتب کیا ہے جس میں شام پہلے، سوڈان دوسرے، کانگو تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

ادارے کے بقول اس نقشے کو مرتب کرنے کے لیے دنیا کے 197 ملکوں میں انسانی حقوق کی 31 اقسام میں شہریوں کو درپیش خطرات کا اس بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے کہ یہ خطرات کب کب پیدا ہوتے ہیں، ان کی شدت کیا ہے اور اس میں ریاست کی ملی بھگت کتنی ہے۔

برطانیہ کے تجزیاتی ادارے میپل کرافٹ نے کہا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں میں دنیا میں ایسے ملکوں کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے جو اپنے ہی لوگوں کے انسانی حقوق کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

ادارے کے مطابق ایسے ملکوں کی تعداد بیس سے بڑھ کر چونتیس ہوگئی ہے اور یہ اضافہ بنیادی طور پر مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں ہوا ہے جس میں شام اور سوڈان سرفہرست ہیں۔

میپل کرافٹ کے ایک ترجمان نے بی بی سی کے سوال پر بتایا کہ کسی ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اس ملک کے لیے قانونی، سٹریٹیجک، مالیاتی اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں ایسے ملک میں سرمایہ کاری بہت زیادہ مہنگی ہو جاتی ہے اور بالآخر رک بھی جاتی ہے۔

میپل کرافٹ کے مطابق پاکستان میں نہ صرف روایتی قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں مثلاً بچوں سے مشقت، خواتین سے امتیازی سلوک، بلکہ کارکنوں اور مزدوروں کا اپنی ملازمت تک پہنچنے اور کام کے دوران جسمانی عدم تحفظ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عدلیہ سمیت معاشرے کے ہر طبقے میں بدعنوانی بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔

میپل کرافٹ کے ترجمان نے کہا کہ اگرچہ بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے حالات کی نسبت کچھ ہی بہتری ہے مگر وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کےلیے موثر اور بہتر نظام عدل اور طریقے کار موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد بذات خود انسانی حقوق کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ بن کے ابھر رہا ہے۔

ادارے کی مرتب کردہ فہرست میں چین اور بھارت جیسے معاشی طور پر مضبوط ممالک بھی انسانی حقوق کو لاحق خطرات کے لحاظ سے ابتدائی بیس ملکوں میں شامل ہیں جہاں اس رپورٹ کے مطابق اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ساتھ محنت کشوں کے حقوق پر مسلسل سمجھوتہ کیا جا رہا ہے۔

 

Source :

http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/12/131204_pak_report_fz.shtml

Comments

comments

WordPress › Error

There has been a critical error on this website.

Learn more about troubleshooting WordPress.